22 اپریل 2013 - 19:30
عرب ممالک شام میں امریکی اور صہیونی سازش سے ہوشیار رہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ عرب ممالک کو شام کے بارے میں امریکی اور صیہونی سازش سے ہوشیار رہنا چاہۓ۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ عرب ممالک کو شام کے بارے میں امریکی اور صیہونی سازش سے ہوشیار رہنا چاہۓ۔

علاء الدین بروجردی نے شام کی حکومت اور ملت کے خلاف امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہاکہ شام میں بدامنی کو ہوا دینے والے اس ملک کے ہمسایہ ممالک کو یہ بات اچھی طرح جان لینی چاہۓ کہ یہ بحران جلد یا بدیر ختم ہوجائے گا لیکن ان ممالک کا یہ رویہ شام کے عوام کبھی بھی نہیں بھولے گے۔

علاء الدین بروجردی نے مزید کہا کہ امریکی حکومت عالمی سطح پر دہشتگردی کو فروغ دے رہی ہے اور اسی وجہ سے عالمی سطح پر اس کے خلاف نفرت پائی جاتی ہے۔

ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے کہا ہےکہ شام کے بارے میں ایران ، ترکی ، مصر اور سعودی عرب کے درمیان عنقریب از سر نو مذاکرات ہوں گے۔

تسنیم خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کےمطابق حسین امیر عبداللھیان نے شام کے امور میں غیر ملکی فوجی مداخلت کے عیاں ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ طے پایا ہے کہ شام کے بارے میں ایران ، ترکی ، سعودی عرب اور مصر کے درمیان مذاکرات جاری رہیں گے۔ حسین امیر عبداللھیان نے مزید کہا کہ مصر کے حکام عنقریب مذاکرات کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے شام میں جھڑپیں شروع ہونے کے بعد گزشتہ دو برسوں کے دوران شام کے بحران کو حل کرنے کے لۓ بہت زیادہ سفارتی کوششیں کی ہیں اور اس سلسلے میں چھ نکاتی تجویز بھی پیش کی ہے۔

.......

/169